ڈاکٹر مفتی محمد اللّٰہ خلیلی قاسمی: سوانحی خاکہ
ڈاکٹر مفتی محمد اللّٰہ خلیلی قاسمی: سوانحی خاکہ محمد روح الامین میُوربھنجی بعض لوگ ایسے ہوتے ہیں، جن کو اللّٰہ تعالیٰ کثیر جہتی شخصیت بناتا ہے، انھیں رنگا رنگ صفات حسنہ سے نوازتا ہے اور مختلف ہنروں میں انھیں ممتاز کرکے ان سے مختلف جہتوں سے کام لیتا ہے، ایسی ہی شخصیت مولانا مفتی محمد اللّٰہ خلیلی قاسمی مد ظلہ العالی کی ہے، جنھوں نے دینی تعلیم سے فراغت کے بعد بھی انگریزی اور عصری تعلیم کا سلسلہ جاری رکھا؛ بالآخر دار العلوم دیوبند سے منسلک ہوکر سالہا سال سے مختلف جہتوں سے متعدد زبانوں میں علمی، ادبی، قلمی اور تحقیقی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ابتدائی و تعلیمی زندگی: مولانا 14 اکتوبر 1979ء کو ضلع فیض آباد، اتر پردیش کے قصبہ ہنسور (جو اب ضلع امبیڈکر نگر میں آتا ہے) میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد حکیم قاری عبد السلام مضطر ؔ ہنسوری (1924-2022ء) ہیں، جو مشہور نعت گو شاعر، متعدد شعری مجموعوں کے مصنف اور حضرت مولانا عبد الحلیم جون پوری کے خلیفہ و مجاز تھے۔ قرآن کی تعلیم اپنے والدین سے گھر پر حاصل کی۔ پھر پرائمری تعلیم کے لیے ...