پروفیسر مولانا سید کفیل احمد قاسمی: مختصر سوانحی خاکہ
پروفیسر مولانا سید کفیل احمد قاسمی: مختصر سوانحی خاکہ محمد روح الامین میُوربھنجی مشرقی ہند میں واقع اڈیشا جیسے دور دراز صوبے سے اٹھ کر پورے ہندوستان؛ بلکہ دنیا کے خطے خطے میں جن شخصیات نے اڈیشا کا نام روشن کیا ہے، ان میں نمایاں نام اور مقام حضرت مولانا پروفیسر سید کفیل احمد قاسمی کا ہے، جنھوں نے اپنی پوری حیات مستعار عربی زبان و ادب کی ترویج و اشاعت کے لیے وقف کر دی اور جن کے تلامذہ ملک و بیرون ملک کے مختلف گوشوں میں عربی زبان و ادب کی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ آج انھیں کی حیات و خدمات پر کچھ رقم کرنے کی سعادت حاصل کر رہا ہوں۔ اس مضمون یا مقالے کے لیے بندے نے خصوصی طور پر خود صاحب احوال کے فراہم کردہ مواد اور مولانا مطیع اللہ نازش، ہیڈ مولوی راونشا کالجیٹ اسکول، کٹک کی کتاب ”اڈیشا میں اردو نثر نگاری“ میں مولانا موصوف پر مضمون سے استفادہ کیا ہے۔ ولادت و خاندان: مولانا سید کفیل احمد قاسمی دار العلوم دیوبند کے تصدیق نامے اور جامعہ ہائر سیکنڈری اسکول کی سند کے مطابق؛ 25 دسمبر 1951ء کو صوبہ اڈیشا کے ضلع کٹک میں واقع قصبۂ سادات سونگڑہ کے جیرام پور، محلہ کود میں سید محمد...