جمعہ، 3 دسمبر، 2021

مِرے دل کی کہانی: لاک ڈاؤن اور عالمی وبا کے درمیان میں لکھا ہوا کلام

مِرے دل کی کہانی: عالمی وبا کورونا اور اس کے تحت لاک ڈاؤن کے دوران میں؛ جب دار العلوم دیوبند کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا تھا کہ مدرسہ تقریباً ڈیڑھ سال تک بند تھا، اسی دوران بندہ نے یہ کلام لکھا تھا۔

محمد روح الامین میوربھنجی

عجَب بازیگَری قُدرت نے اِنساں کو دِکھائی ہے

کوئی ہے صاحِبِ مَسند، کسی کو بَس چَٹائی ہے


کسی کے گھر میں ہے فاقہ، کسی کے گھر مِٹھائی ہے

کوئی در عَیش و عِشرت ہے، کسی نے دَر کی کَھائی ہے


کسی کے پاس دَولت ہے، نہ اُس کو نیند آئے ہے

کسی کو سُوکھی کھا کر بھی مَزے کی نیند آئی ہے


کسی کے گھر وِلادت ہے، کسی کے گھر جَنازہ ہے

کسی نے اپنے بچّوں کی قبَر خود ہی بَنائی ہے


امیری اور غَریبی کا کوئی رُتبہ نہیں ہوتا

"کرونا" کے مَرَض نے آکے نَخْوَت بھی مِٹائی ہے


کوئی تقدیر پر نالاں، کوئی تقسیم پر ناخوش

کسی نے حَق کی قِسمت پر رِضا بھی خوب پائی ہے  


یہ دُنیا قَیدِ مومن ہے، تو پِھر کافِر کی جَنّت ہے

ہمیں یہ بات؛ سرکارِ دوعالم نے بَتائی ہےﷺ


زباں سے، ہاتھ سے تیرے، رہے مُسلِم سَدا سالِم

ہمیں یہ بات سَرتاجِ رُسُل نے ہی سِکھائی ہےﷺ


خدا کی نعمتوں پر شکر سے اَفزُونِی ہوتی ہے

کتابِ رب تعالیٰ نے نصیحت یہ سُنائی ہے


کسی کی پِیٹھ کے پیچھے، کبھی غِیبت نہ تُم کرنا!

"ولا یَغْتَبْ" میں سُن! جس کی نَہِی "لاریب" آئی ہے


کسی کی آبرُو پر اَپْنی اُنگلی تُو اُٹھاتا ہے

مَگَر اپنی ہر اِک خامی تُجھے کیوں اِتنی بَھائی ہے؟


خُدا کے مُنکِروں کو بھی کبھی دُشنام مَت دینا!

خُدا نے اِس کی حِکمت؛ اپنے قرآں میں جَتائی ہے


"سِبابُ المُسْلِمِ فِسْقٌ"؛ ہے یہ فَرمانْ؛ حضرت کا ﷺ

نہیں اِس میں کوئی بھی شک! یہ قولِ مُصطَفائی  ہے ﷺ


"قِتالِ مَرْدِ مومن"؛ "کُفْرِ قاتِل" کی نِشانی ہے

حدیثِ پاک میں رَب نے صَراحت بھی کَرائی ہے


کِسی ادنٰی صحابیؓ پر کرے جو بَد زُبانی ہے

مَعاذَ اللّٰہ! خُود کی اُس نے بَد بَختی بُلائی ہے


قِیامت کَیسے آئے گی؟ ہے خود قرآن میں مَذکُور!

رسول اللّٰہ نے جِس کی عَلامَت بھی سُنائی ہے ﷺ


امینِؔ بے سَر و مایہ! یہ تُو کیا طَرز لے آیا

تِری اِس میں نہیں خُوبی، یہ بَس فَضلِ خُدائی ہے

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

مفتی اشتیاق احمد قاسمی دربھنگوی: مختصر سوانحی خاکہ

مولانا مفتی اشتیاق احمد قاسمی دربھنگوی: مختصر سوانحی خاکہ محمد روح الامین میوربھنجی       مولانا مفتی اشتیاق احمد قاسمی دربھنگوی سرزمینِ بہا...