پیر، 24 جنوری، 2022

خواب کی تعبیر سے متعلق کچھ باتیں

خواب کی تعبیر سے متعلق کچھ باتیں

✒️ محمد روح الامین میُوربھنجی

بلا شبہ تعبیر الرؤیا ایک فن ہے اور اسلام میں اس فن میں سب سے زیادہ مشہور ابن سیرین شمار کیے جاتے ہیں۔

حافظ شمس الدین ذہبی نے سیر اعلام النبلاء میں ابن سیرین کے حوالے سے لکھا ہے کہ انھیں تائید غیبی حاصل تھی۔

فن تعبیر کے مشاہیر یعنی مشہور شخصیات:

اس فن کے مصنفین میں محمد ابن سیرین بصری (32ھ - 110ھ)، غرس الدين خليل بن شاهين ظاهری (813ھ - 873ھ)،  عبد الغنی نابلسی (1050ھ - 1143ھ)، ابراهيم بن يحيى بن غنام مقدسی (متوفی 779ھ) وغیرہ مشہور ہیں۔
   نصر بن یعقوب دینوری (متوفی: 410ھ) نے 'کتاب التعبیر القادری' میں ساڑھے سات ہزار معبرین علماء کی تعداد لکھی ہے۔
فن تعبیر میں بعض مشہور کتابیں:
   كتاب تفسير الأحلام، منتخب الکلام فی تفسیر الأحلام، الإشارات في علم العبارات، تعطير الأنام في تعبير المنام، المعلم على حروف المعجم وغیرہ
تعبیر معلوم کرنے کے راستے:
 تعبیر الرؤیا کے کئی طریقے ہیں؛ (1) کبھی خواب کی تعبیر قرآن سے ہوتی ہے، (2) کبھی خواب کی تعبیر احادیث مبارکہ سے، (3) کبھی خواب کی تفسیر ناموں کی مماثلت و مشابہت سے، (4) کبھی خوابوں کی تفسیر و تعبیر؛ شکلوں، حالتوں اور افعال و حرکات کی مماثلت و مشابہت سے، (5) کبھی خواب کی تعبیر و مطلب؛ مخالف و الٹا معنی مراد لے کر معلوم کیا جاتا ہے، (6) کبھی خواب کی تعبیر مثالوں، مجازی کنایوں اور استعاروں سے حاصل کی جاتی ہے، (7) کبھی تعبیر میں متعین معانی مراد ہوتے ہیں، (8) کبھی تعبیر بتانے میں اس خواب کے معنی میں کمی بیشی کرکے تعبیر لی جاتی ہے، (9) کبھی تعبیر خواب دیکھنے والے کی حالت کا اندازہ لگا کر بتائی جاتی ہے۔ ان کے علاوہ بھی طریقے ہیں۔

ضروری باتیں:
(1) ہر خواب کی تعبیر نہیں ہوتی، خواب تین طرح کے ہوتے ہیں:
(الف) اضغاثِ احلام (پراگندہ خیالات) یعنی آدمی دن میں جن خیالات و مشاغل میں لگا رہتا ہے، خواب میں وہی خیالات و مشاغل منتشر طور پر اس کے دماغ میں گھومتے رہتے ہیں۔
(ب) تخویف من الشیطان، یعنی شیطان کی طرف سے ڈرانے والی باتیں ڈراؤنے خواب۔
(ج) بشری من اللہ۔ اللہ تعالیٰ کی طرف سے اپنے نیک بندوں کو اچھے خواب جو بطور بشارت دکھائے جاتے ہیں۔ (کبھی کوئی شخص اللّٰہ کو محبوب ہوتا ہے، مگر اس شخص کو پتہ بھی نہیں ہوتا ہے) ایسے خواب اپنی تعبیر رکھتے ہیں اور پہلی دو قسموں کی صورت میں دھیان نہیں دینا چاہیے، بس لاحول ولا قوۃ الا باللہ پڑھنا چاہیے اور اللّٰہ سے دعا کرنا چاہیے اور ایسے خواب کی شر سے حفاظت مانگنی چاہیے۔
خواب کی تعبیر کس سے معلوم کریں؟
یہ فن باقاعدہ مدرسوں میں پڑھایا نہیں جاتا اور ہر عالم اس میں ماہر بھی نہیں ہوتا، اس لیے خواب کی تعبیر کسی جانکار شخص سے ہی معلوم کرنا چاہیے؛ ورنہ بس اللہ تعالیٰ سے برے خوابوں کے شر سے حفاظت یا بھلے خوابوں کی بھلائی مانگنی چاہیے۔
تعبیر الرؤیا کا فن کسبی ہے یا وہبی؟
یہ مسئلہ اختلافی ہے، بعض حضرات اسے وہبی ہی مانتے ہیں، بعض اسے صرف انبیاء علیہم السلام تک محدود رکھتے ہیں، بعض کی رائے ہے کہ قرآن سے تعبیر جرم ہے۔ میری رائے یہ ہے کہ یہ کسبی بھی ہے اور وہبی بھی۔
خواب کی تعبیر پر اجرت:
اس میں بھی اختلاف ہے، بعض حضرات اس کو جائز اور بعض ناجائز کہتے ہیں۔
یہ فن کہاں سیکھا جا سکتا ہے؟
کسی ماہر خواب کی تعبیر بتانے والے سے سیکھا جا سکتا ہے۔
تعبیر کی کتاب پڑھ کر خود تعبیر معلوم کرنا کیسا ہے؟
یہ بالکل علاج و معالجہ کے موضوع پر لکھی ہوئی کسی کتاب سے پڑھ کر اپنا علاج خود کرنے کی طرح ہے، ایسا کرنا غلط ہے؛ بلکہ کسی ماہر خواب کی تعبیر بتانے والے کے بارے میں معلوم کرکے ہی اس سے معلوم کرنی چاہیے؛ ورنہ اللّٰہ تعالیٰ سے اس خواب کی اچھائی کو طلب کرنا چاہیے اور برائی سے حفاظت مانگنی چاہیے اور بس!
فال نکالنا نلکوانا
اسلام میں ناجائز ہے۔
تفاؤل
تفاؤل اور فال لینا؛ دونوں میں فرق ہے۔ فال لینا، نکالنا اور نکلوانا ناجائز ہے اور تفاؤل جائز ہے۔ آئندہ اللّٰہ تعالیٰ سے بھلائی کی امید پر کوئی کام کرنے کو 'تفاؤل' کہتے ہیں، جیسے حضور علیہ الصلاۃ والسلام نے حضرت فاطمۃ الزھراء رضی اللّٰہ عنہا کا نام فاطمہ رکھا، جس سے متعلق میں نے پڑھا ہے کہ یہ تفاؤل کے طور پر تھا کہ فاطمہ کے معنی ہیں: دودھ چھڑانے والی یعنی میری بیٹی بڑی بھی ہوگی ان شاء اللّٰہ، اس کا نکاح بھی ہوگا، اولاد بھی ہوگی، اپنی اولاد کو وہ دودھ بھی پلائی گی، پھر اس کا دودھ بھی چھڑائے گی۔

   اللّٰہ تعالیٰ ہمیں فہمِ سلیم یعنی دین و دنیا کی صحیح سمجھ عطا فرمائے۔ آمین

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

مفتی اشتیاق احمد قاسمی دربھنگوی: مختصر سوانحی خاکہ

مولانا مفتی اشتیاق احمد قاسمی دربھنگوی: مختصر سوانحی خاکہ محمد روح الامین میوربھنجی       مولانا مفتی اشتیاق احمد قاسمی دربھنگوی سرزمینِ بہا...