حضرت مولانا محمد جسیم الدین قاسمی سمستی پوریؒ: حیات و خدمات
حضرت مولانا محمد جسیم الدین قاسمی سمستی پوریؒ: حیات و خدمات محمد روح الامین قاسمی (دار العلوم حسینیہ مدنی نگر، چَڑَئی بَھول، ضلع میُوربھنج، اڈیشا) حضرت مولانا محمد جسیم الدین قاسمی سمستی پوریؒ دارالعلوم دیوبند کے فاضل، ممتاز عالمِ دین، شعلہ بیاں خطیب اور تحریکِ جمعیۃ علماء کے سرگرم حامی تھے۔ آپ نے اپنی زندگی کا تقریباً نصف صدی کا عرصہ صوبہ اڈیشا، بالخصوص کیندرہ پاڑہ میں گزارا، جہاں درس و تدریس، دعوت و اصلاح اور دینی و ملی خدمات انجام دیں۔ آپ کی علمی و خطیبانہ صلاحیتوں کے ساتھ علاقائی و صوبائی معاملات پر گہری نظر اور اکابرِ اڈیشا سے مضبوط روابط بھی آپ کی شخصیت کے نمایاں پہلو تھے۔ آپ نے مختلف دینی اداروں سے وابستہ رہ کر نئی نسل کی تعلیم و تربیت اور دینی شعور کی بیداری کے لیے مسلسل جدوجہد کی۔ ابتدائی و تعلیمی زندگی آپ کا نام محمد جسیم الدین تھا۔ آپ کا آبائی وطن براہی، ضلع سمستی پور، بہار ہے، جو پہلے غیر منقسم ضلع دربھنگہ کا حصہ تھا۔ چند سالوں سے آپ اپنے آبائی وطن ہیں میں مقیم تھے۔ آپ کی تاریخِ پیدائش یا سنہ پیدائش یاد نہیں۔ غالباً 1950ء سے 1955ء کے درم...